November 17, 2026
Islamabad, Pakistan.

ڈیٹا سینٹرز کے خلاف امریکی عوام کا غصہ اور اے آئی کے فائدے کی تقسیم کا سوال : چین کا منفرد راستہ

2023 میں لورا بیتھ امریکی ریاست جارجیا کی کاؤنٹی کاویٹا منتقل ہوئیں۔ انہیں گھر کے پیچھے کی کھلی زمین پسند آئی تھی۔ دو سال بعد پتہ چلا کہ قریب ہی 455,000 مربع میٹر سے زیادہ رقبے پر اے آئی ڈیٹا سینٹر بننے والا ہے۔ انہوں نے ٹائم میگزین کو بتایا، “مجھے نہیں معلوم تھا کہ کس سے رابطہ کروں، کس سے بات کروں، اور مزید معلومات کون دے سکتا ہے۔” چنانچہ انہوں نے “اسٹاپ پراجیکٹ سیل” کے نام سے فیس بک گروپ بنایا، جس میں اب آٹھ ہزار سے زیادہ لوگ شامل ہیں۔ یہ لوگ درخواستیں دیتے ہیں، بینر لگاتے ہیں، اور بات یہاں تک پہنچی کہ کاؤنٹی حکومت اور پراجیکٹ کمپنی کے خلاف عدالت چلے گئے۔
بیتھ اکیلی مثال نہیں ہیں۔ 10 اپریل 2026 کو علی الصبح ایک شخص نے اوپن اے آئی کے سی ای او آلٹمین کے گھر پر پیٹرول بم پھینکا۔ 18 جولائی کو امریکہ کی 42 ریاستوں میں اے آئی ڈیٹا سینٹرز کی توسیع کے خلاف ایک ہی وقت میں 142 احتجاج ہوئے۔ اسکالرز نے اس لہر کو “ڈیجیٹل لڈزم” کہا ہے۔ لڈزم کی ابتدا انیسویں صدی کے شروع میں برطانوی ٹیکسٹائل مزدوروں کی اس تحریک سے ہوئی جس میں انہوں نے نئی لوم مشینیں توڑ دی تھیں۔ اس وقت مزدور بے روزگار ہو رہے تھے، اجرتیں گر رہی تھیں اور کام کے حالات بگڑ رہے تھے، اس لیے مشینیں غصے کا براہِ راست نشانہ بن گئیں۔ “ڈیجیٹل لڈزم” کے جذباتی خول کے اندر دیکھیں تو سوال صرف ایک ہے: ٹیکنالوجی کے اس تیز رفتار انقلاب کا فائدہ کسے ہوگا اور قیمت کون چکائے گا؟
2024 میں ڈیٹا سینٹرز امریکہ کی کل بجلی کا 4 فیصد استعمال کر رہے تھے، اور 2030 تک یہ دوگنا ہونے کا امکان ہے۔ امریکہ میں بجلی کے نرخ ڈائنامک بنیاد پر طے ہوتے ہیں، یعنی جہاں کھپت زیادہ ہو وہاں نرخ بھی بڑھ جاتے ہیں۔ جن ریاستوں میں ڈیٹا سینٹرز بہت زیادہ ہیں، وہاں پچھلے پانچ سال میں بجلی کے نرخ 267 فیصد تک بڑھ چکے ہیں، اور یہ بوجھ اکثر آس پاس کے رہائشیوں پر ڈال دیا جاتا ہے۔ اس سے بھی گہری بے چینی روزگار کے بارے میں ہے۔ جب ٹیک کمپنیوں کے ایگزیکٹو کھل کر مانتے ہیں کہ اے آئی روزگار کی شکل بڑے پیمانے پر بدل دے گی، تو عام لوگوں کو نظر آتا ہے کہ دولت اور طاقت چند کمپنیوں کے پاس جمع ہو رہی ہے، جبکہ لاگت اور خطرہ عام لوگوں کے حصے میں آ رہا ہے۔ یعنی یہ ٹیکنالوجی کا نہیں، تقسیم کا بحران ہے۔ وفاقی حکومت بڑی طاقتوں کی دوڑ میں کمپیوٹنگ پاور کے پیچھے ہے، ٹیک کمپنیاں سرمائے پر منافع چاہتی ہیں، اور مقامی لوگوں کے پاس نہ فیصلوں میں شرکت کا کوئی راستہ ہے اور نہ فائدے میں حصے کا کوئی نظام۔ سماجی تقسیم کی وجہ سے دونوں جماعتیں کسی اتفاقِ رائے پر نہیں پہنچ پاتیں ، اس لیے عوام کی رائے احتجاج اور یہاں تک کہ تشدد کی صورت میں سامنے آتی ہے۔
امریکہ کے برعکس، اے آئی کی ترقی کے بارے میں چین کی حکومت، کمپنیوں اور عوام کا رویہ واضح طور پر مختلف ہے۔ 2025 میں چین کی اے آئی کی بنیادی صنعت کا حجم 1.2 ٹریلین یوان سے بڑھ گیا، کمپنیاں 6,000 سے زیادہ ہیں، جنریٹو اے آئی صارفین 600 ملین سے زیادہ ہیں، اور چین کے اوپن سورس بڑے ماڈلز کے ڈاؤن لوڈ دنیا میں سب سے زیادہ ہیں۔ اے آئی کی ترقی کو چلانے کی چین کی بنیادی منطق یہ ہے: ترقی اور تحفظ کو برابر اہمیت دینا، اور جدت کی حوصلہ افزائی کو قانون کے مطابق گورننس کے ساتھ جوڑنا۔ چین کا نقطہ نظر یہ ہے کہ تحفظ ترقی کا مخالف نہیں بلکہ اس کے جاری رہنے کی شرط ہے، اور ترقی روک دینا خود سب سے بڑا عدم تحفظ ہے، کیونکہ اس کا مطلب ٹیکنالوجی کے فائدے اور مستقبل کی باگ ڈور دوسروں کے حوالے کر دینا ہے۔ اس منطق کے دو ستون ہیں۔ پہلا، اے آئی کو چند سرمایہ داروں کے منافع کا آلہ نہیں بلکہ سب کے لیے قومی بنیادی ڈھانچہ سمجھنا: اوپن سورس بڑے ماڈلز استعمال کی رکاوٹ کم کرتے ہیں، اور “اے آئی+” ایکشن، ٹیکنالوجی کو مینوفیکچرنگ، صحت، زراعت اور تعلیم جیسے شعبوں تک لے جا رہا ہے، تاکہ فائدہ زیادہ لوگوں تک پہنچے۔ دوسرا ستون گورننس اور ترقی ایک ساتھ شروع کرنا ہے نہ کہ بعد میں مرمت کرنا۔ 2021 کے “نئی نسل کے اے آئی کے اخلاقی ضابطوں” سے لے کر 2026 کے “اے آئی سیفٹی گورننس فریم ورک 3.0” تک، چین نے تحقیق، استعمال اور خاتمے کے پورے دورانیے کا احاطہ کرنے والے ضابطوں کا ایک نظام بنا لیا ہے۔
خطرات سے نمٹنے کے لیے چینی حکومت نے نومبر 2026 میں “پندرہویں پانچ سالہ منصوبے” کے دوران اے آئی کی ترقی اور تحفظ میں توازن کا منصوبہ جاری کیا۔ اس کا بنیادی ڈھانچہ “زمرہ بندی اور درجہ بندی” پر مبنی الگ الگ گورننس ہے۔ کم خطرے والے شعبوں میں خود جانچ اور معلومات کی رپورٹنگ سے کمپنیوں کے اخراجات کم کیے جاتے ہیں، تاکہ ضرورت سے زیادہ ریگولیشن جدت کو نہ دبائے۔ زیادہ خطرے والے شعبوں میں رجسٹریشن، جانچ اور ری کال کے ذریعے یقینی بنایا جاتا ہے کہ اہم ایپلی کیشنز مؤثر نگرانی میں رہیں۔ ساتھ ہی ملک اے آئی “ریگولیٹری سینڈ باکس” بنانے کی حمایت کرتا ہے، خطرات کے بفر پلان پہلے سے تیار رکھتا ہے، تجربات میں غلطی کی گنجائش چھوڑتا ہے، اور نظام کا وقتاً فوقتاً جائزہ لے کر اس میں تبدیلیاں کرتا ہے۔
عام لوگوں کو سب سے زیادہ فکر روزگار اور حقوق کی ہے۔ اس پر چینی حکومت نے مفصل پالیسیاں بنائی ہیں۔ اے آئی کے روزگار کے ڈھانچے پر اثرات کی قریبی نگرانی کی جاتی ہے، ماڈل ٹرینر اور ڈیٹا لیبلر جیسے نئے پیشوں کو قومی پیشہ ورانہ فہرست میں شامل کیا گیا ہے، سوشل سیکیورٹی کو روزگار کی تبدیلیوں سے جوڑا جا رہا ہے، اور بنیادی تحفظ یقینی بنایا جا رہا ہے۔ الگورتھم کے امتیاز، ڈیپ فیک اور پرائیویسی کی خلاف ورزی کا سراغ لگا کر کارروائی کی جاتی ہے، اور بزرگوں اور نابالغوں کے تحفظ پر خاص توجہ دی جاتی ہے۔
ملازمتوں کا مشینوں سے بدلا جانا، اخلاقی بے راہ روی اور ٹیکنالوجی کا غلط استعمال، یہ اے آئی کے دور میں تمام ممالک کے مشترکہ مسائل ہیں۔ اصل فرق ان سے نمٹنے کے طریقے میں ہے۔ امریکہ کا تضاد تقسیم کے عدم توازن اور بکھرے ہوئے نظام کی وجہ سے ٹکراؤ اور محاذ آرائی کی شکل میں پھوٹ پڑا ہے، جبکہ چین خطرات کو قانون سازی، معیارات اور جائزے کے مرحلے میں پہلے ہی سنبھالنے کی کوشش کرتا ہے، اور نظام کی لچک کے بدلے معاشرے کا استحکام حاصل کرتا ہے۔ امریکہ اور چین کا یہ موازنہ ترقی پذیر ممالک کے لیے خاص طور پر سبق آموز ہے۔ ٹیکنالوجی کبھی غیر جانبدار آلہ نہیں رہی، اور اے آئی کو کس طرح ترقی دی جائے، یہ فیصلہ دراصل یہ طے کرتا ہے کہ ٹیکنالوجی کا فائدہ کیسے بانٹا جائے گا۔ جس ماڈل میں سرمایہ بے لگام دوڑے اور قیمت عوام چکائیں، اسے آخرکار عوامی رائے کا ردعمل بھگتنا پڑے گا۔ چین کی کوشش ایک اور امکان سامنے رکھتی ہے۔ ترقی اور تحفظ ساتھ ساتھ، کارکردگی اور عوامی بہبود کا امتزاج ۔
جب جارجیا کی رہائیشی ” بیتھ “جیسے لوگ سڑکوں پر پوچھ رہے ہیں کہ “بل کون بھرے گا”، تو پوری دنیا مستقبل کا یہ سوال سن رہی ہے۔ اس کا جواب کوئی ایک ملک اکیلا نہیں دے گا، لیکن جواب کیسے دیا جاتا ہے، یہی طے کرے گا کہ اے آئی چند لوگوں کی ملکیت بنتا ہے یا اکثریت کا مستقبل۔

Leave feedback about this

  • Quality
  • Price
  • Service

PROS

+
Add Field

CONS

+
Add Field