October 25, 2026
Islamabad, Pakistan.

چین، “ایک ملک، دو نظام” پر سیمینار کا انعقاد

چین کے شہر شین زن میں “ایک ملک، دو نظام” کے موضوع پر سیمینار منعقد ہوا۔ سیمینار کا عنوان “ہانگ کانگ اور مکاؤ کے پانچ سالہ منصوبے اور قومی ترقی کے مجموعی تناظر میں شمولیت اور خدمات” تھا۔ جس میں چائنیز مین لینڈ ، چین کے خصوصی انتظامی علاقے ہانگ کانگ، مکاؤ اور بیرونِ ملک سے تعلق رکھنے والے تقریباً 100 مہمانوں، ماہرین اور اسکالرز نے شرکت کی۔
سیمینار میں شرکا ء نے ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے کے پہلے پانچ سالہ منصوبے اور مکاؤ خصوصی انتظامی علاقے کے نئے پانچ سالہ منصوبے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ شرکاء کی عمومی رائے تھی کہ درمیانی اور طویل مدتی منصوبہ بندی کے ذریعے معاشی اور سماجی ترقی کی رہنمائی کرنا کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی حکمرانی کا ایک اہم تجربہ ہے اور چینی خصوصیات کے حامل سوشلزم کی ایک نمایاں برتری بھی ہے۔ ان کے مطابق، ہانگ کانگ اور مکاؤ میں پانچ سالہ منصوبے تیار کرنا اور ان پر عمل درآمد کرنا “ایک ملک، دو نظام” کے تحت سی پی سی کے اہم تجربے کا ایک تخلیقی اطلاق ہے، جس سے اس نظام کی افادیت مزید نمایاں ہوگی۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے ہانگ کانگ اور مکاؤ امور کے دفتر کے تحت ہانگ کانگ اور مکاؤ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر ژانگ ہائی شنگ نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ بین الاقوامی ادارے، تھنک ٹینکس، چیمبرز آف کامرس اور میڈیا یہ تسلیم کر رہے ہیں کہ ہانگ کانگ اور مکاؤ کے پانچ سالہ منصوبوں نے ادارہ جاتی نظام، پالیسی سازی، ترقی اور توقعات کے استحکام میں مدد دی ہے۔ ان کے مطابق، اس پیش رفت سے عالمی سرمایہ کاروں کا ہانگ کانگ اور مکاؤ کی ترقی پر اعتماد بھی نمایاں طور پر بڑھا ہے۔
سیمینار میں شریک اسکالرز نے کہا کہ پانچ سالہ منصوبوں کی رہنمائی میں ہانگ کانگ اور مکاؤ قومی ترقی کے مجموعی عمل میں مزید گہرائی سے شریک ہو سکیں گے اور اس میں اپنا کردار ادا کر سکیں گے۔ اس سے انہیں ترقی کے نئے مواقع سے فائدہ اٹھانے، معاشی اور سماجی ترقی کے مسائل کو مؤثر انداز میں حل کرنے اور اعلیٰ معیار کی ترقی کے حصول میں مدد ملے گی۔ شرکاء کے مطابق، “مادرِ وطن کی حمایت حاصل کرنے اور دنیا سے جڑے رہنے” کی ہانگ کانگ اور مکاؤ کی منفرد برتری یقیناً مزید نمایاں ہوگی، جبکہ چینی طرز کی جدیدیت کے ذریعے ایک مضبوط ملک کی تعمیر اور قومی احیاء کے عظیم نشاۃ ثانیہ میں ان کا کردار بھی زیادہ مؤثر ہوگا

Leave feedback about this

  • Quality
  • Price
  • Service

PROS

+
Add Field

CONS

+
Add Field